تحریکی سرگرمیاں برائے سال 2025ء | Organizations Annual report 2025

5/5 - (2 votes)

تحریکی سرگرمیاں برائے سال 2025ء
Organizations Annual report 2025

رپورٹ:وقار احمد سروری قادری

سلطان الفقر پبلیکیشنز

کتب کی اشاعت:

سلطان الفقر پبلیکیشنز تحریک دعوتِ فقر کا اہم شعبہ ہے جس نے فقر و تصوف کے بیشمار موضوعات پر کتب شائع کی ہیں اور دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ ان کتب کی بدولت دنیا بھر سے ہزاروں مسلم و غیر مسلم فیض یاب ہو رہے ہیں۔سال 2025ء میں سلطان الفقر پبلیکیشنز نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر ِنگرانی درج ذیل کتب شائع کیں:
۱۔سیدالشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ اور یزیدیت (بارِ سوم)
۲۔سوانح حیات سلطان التارکین حضرت سخی سلطان سید محمد عبداللہ شاہ مدنی جیلانیؒ  (بارِ دوم)
۳۔اورنگ شاہی
۴۔محک الفقر (کلاں)
۵۔ ابیاتِ باھوؒ کامل (بار چہارم)
۶۔ توفیق الہدایت
۷۔ مفتاح العارفین
۸۔دیدار بخش (کلاں)
۹۔دیدار بخش (خورد)
۱۰۔ عین العارفین (بارِ دوم)
۱۱۔ تلمیذ الرحمن (بارِ دوم)
۱۲۔ قربِ دیدار (بارِ سوم)

13-Life History of Sultan-ul-Trikeen Sultan Sayyid Mohammad Abdullah Shah Madni Jinalni Rehmat-ul-Allah-Alayh (2nd Edition)
14-The Perfect Spiritual Guide (2nd Edition)
15-Aurang Shahi – English Translation with Persian Text

 مندرجہ بالا کتب کی اشاعت کے ساتھ ساتھ دورِحاضر کے جدید تقاضوں کے عین مطابق سلطان الفقر پبلیکیشنز کے زیرِ اہتمام اینڈرائڈ ایپلیکیشنز (Android Applications) کا بھی اجرا کیا گیا جن کی بدولت سلطان الفقر پبلیکیشنز کی شائع کردہ کتب اور رسائل ایک بٹن دبانے پر آن لائن مطالعہ اور ڈاون لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ 

 سلطان الفقر پبلیکیشنز یو ٹیوب چینل :

موجودہ دور میں بے شمار مصروفیات کی بنا حضرتِ انسان کے پاس پڑھنے کی بجائے سننے کا وقت بچتا ہے۔ نئی نسل کا رجحان بھی اسی طرف ہے اور آڈیو کتب دور حاضر کا تقاضا بھی ہیں۔ وقت کے انہی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام ’’ماہنامہ سلطان الفقر‘‘کے بعد ’’سلطان الفقر پبلیکیشنز یوٹیوب چینل‘‘ کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے جہاں قارئین کی سہولت کے لیے آڈیو کی صورت میں مختلف کتب کی اَپ لوڈنگ شروع کی جا چکی ہے۔ چینل کو سبسکرائب کر کے بیل آئیکون پر کلک کریں تاکہ ہماری نئی آنے والی آڈیوز سے آپ بروقت آگاہ ہو سکیں۔ 

سلطان الفقر پبلیکیشنز ڈیجیٹل لائبریری:

سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ایک بڑی کامیابی کا ذکر کریں گے۔ دورِ حاضر کی جدّت اور جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے قارئین کی سہولت کے لئے اپنی ڈیجیٹل لائبریری    Sultan-ul-Faqr-Library.com کو نئے انداز میں پیش کردیاہے۔

یہ ایک ایسا روحانی علمی پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود مرد و خواتین، دینِ اسلام کی حقیقی روح فقر کی تعلیمات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ قارئین کے لیے آن لائن مطالعہ کے ساتھ ساتھ مفت ڈائون لوڈنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔یہ لائبریری سلسلہ سروری قادری کی تعلیماتِ فقر تک آسان اور بامعنی رسائی فراہم کرتی ہے جس کی بدولت فقر و تصوف کا لازوال علمی و ادبی خزانہ اب صرف ایک کلک کی دُوری پر!

کتاب میلوں میں شرکت:

سلطان الفقر پبلیکیشنز ملک بھر میں منعقد ہونے والے کتاب میلوں میں شرکت کرتاہے۔ سال 2025ء میں بھی جن کتاب میلوں میں شرکت کی گئی ان کی تفصیل درج ذیل ہے:

۱۔ 10 تا 12 جنوری 2025ء نظریہ پاکستان کے تحت 5th ایجوکیشن ایکسپو اور کتاب میلہ
۲۔5 تا 9 فروری2025 ئ38thلاہور انٹرنیشنل بک فئیر
۳۔ 17تا19 فروری 2025ء لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت منعقد ہونے والا کتاب میلہ
۴۔20 تا 22 مارچ 2025ء پنجاب یونیورسٹی میں منعقد ہونے والا کتاب میلہ
۵۔19تا 21ستمبراسلام آباد میںمنعقد ہونے والا کتاب میلہ IBoox International Book Exhibition 2025
۶۔ 24 تا26اکتوبر 2025ء ملتان انٹر نیشنل بک فئیر
۷۔ 6تا 8نومبر 2025ء یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں منعقد ہونے والا کتاب میلہ
۸۔18تا22 دسمبر2025ء کراچی انٹرنیشنل بک فیئر

ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی اشاعت

جنوری 2025ء تا دسمبر2025ء ماہنامہ سلطان الفقر کامیابی سے شائع ہوتا رہا جن میں مختلف اسلامی و اصلاحی موضوعات پر مضامین شائع کیے گئے۔ اس کے علاوہ فقر و تصوف کے اسرار اور تعلیمات پر مبنی مضامین بھی ماہنامہ سلطان الفقر کی زینت رہے۔

سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن

سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن تحریک دعوتِ فقر کا اہم ترین شعبہ ہے جو تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِاہتمام منعقد ہونے والی تمام روحانی محافل اور تقریبات کی ویڈیو کوریج، ایڈیٹنگ اور اَپ لوڈنگ کے فرائض انجام دیتا ہے۔ ان محافل میں محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشن ِعید میلاد النبیؐ، محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ، محفل ذکرِحسینؓ، یومِ ولادت سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین، عرس سیدنا غوث الاعظمؓ، عرس سلطان باھوؒ، عید ملن تقریب (عید الفطر) اور عید ملن تقریب (عید الاضحی) قابلِ ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت ہر اتوار منعقد ہونے والی بزمِ سلطان العاشقین کی ویڈیو کوریج اور فوٹوگرافی بھی اسی شعبہ کے تحت کی جاتی ہے۔

 سال 2025ء میں شعبہ ہٰذا کی نمایاں کاوشوں میں درج ذیل امور سر فہرست ہیں:

  واقعہ معراج کی ظاہری و باطنی حقیقت پر مبنی خصوصی لیکچر کی ویڈیو 
  قرآن اور رمضان ۔ براہ ِ راست نشریات
  مسجدِزہراؓ کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے مرحلہ پنجم کی ڈاکیومینڑی 
  سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کامیاب اشاعت کے 19سال مکمل ہونے کے پر مسرت موقع پر ادارہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی ڈاکیو مینٹری 

 گزشتہ برس (2025ئ)میں سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں طویل المدت قیام بھی فرمائے۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن نے اس دوران آپ مدظلہ الاقدس کی فوٹوگرافی اور ویڈیو کوریج کو یقینی بنایا۔

اطلاعات و نشریات

تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ اطلاعات و نشریات، تحریک میں ہونے والی محافل، تقاریب اور تمام تر تحریکی سرگرمیوں خواہ وہ مرکزی دفتر سے متعلقہ ہوں یا علاقائی دفاتر کی ہوں، ان کی کوریج کے لیے سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز کے تعاون سے بروقت اور مستند معلومات عوام الناس تک پہنچاتا ہے۔ سال 2025ء میں اس شعبہ نے تحریکی امور کی نشر و اشاعت کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے آفیشل سوشل میڈیا فورمز کے علاوہ مقامی اخبارات اور خبر رساں ایجنسیوں کی خدمات بھی حاصل کیں۔ 

2021 ء سے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام شروع ہونے والے ’’قرآن اور رمضان نشریات‘‘ کا سلسلہ سال 2025ء میں بھی پورے جوش و خروش سے جاری رہا۔ ہر سال ماہِ رمضان میں ’’قرآن اور رمضان‘‘ کے عنوان سے ہونے والی اِن براہِ راست نشریات کے ذریعے عوام الناس کو قرآن و حدیث، آئمہ دین و فقہا اور اولیا کاملین کے اقوال و فرمودات کی روشنی میں روزے کی باطنی حقیقت سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ سال2025ء میں مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے یہ نشریات سرانجام دیں۔ اِن نشریات میں ہر روز نمازِ تراویح میں پڑھی جانے والی سورتوں کا ترجمہ و تشریح آسان اور عام فہم انداز میں بیان کیا جاتا رہا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو کر اپنی زندگیاں حقیقی اسلامی روح کے مطابق اُستوار کر سکیں۔ 

 اس شعبہ نے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ انتظام ہونے والی ہفتہ وار اور سالانہ محافل کے حوالے سے بھی عوام الناس کو آگاہی دی۔
شعبہ کے توسط سے تحریک کے ہر فردکوسلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے خصوصی پیغامات سے آگہی دی گئی۔
اس کے علاوہ جماعت کے اندرونی و بیرونی اہم معاملات اور خبروں کے ذریعے شعبہ نے معلوماتِ عامہ کے فرائض بخوبی سر انجام دیے۔ 

دعوت و تبلیغ

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ دعوت و تبلیغ نے ملک کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دیں اور مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے اسمِ اللہ ذات کا فیض حاصل کرنے کے لیے عوام الناس کو خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لانے کی دعوت دی۔ سال 2025ء میں ہونے والے ان تبلیغی دورہ جات کی تفصیل درج ذیل ہے:
24 جنوری 2025 بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر منڈی بچیانہ کی زیرِ نگرانی، علاقے میں دعوت و تبلیغ کا کام کیا گیا۔ جس میں آصف حمید، محمد بشیر، محمد یعقوب، یاسین عنایت اور محمد طارق نے حصہ لیا۔ تمام اراکینِ جماعت نے عوام الناس کو اسمِ اللہ ذات کے فی سبیل اللہ حصول اور مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِ صدارت منعقد ہونے والی ہفتہ وار بزم سلطان العاشقین میں شرکت کی بھی خصوصی دعوت دی۔ 

تحریک دعوتِ فقر بچیانہ کے ذیلی علاقوں، جن میں حماندکے چک، بھولی دی جھوک، 625 انور کے محل، چک 649 اور چک 240 شامل ہیں، دعوتی سرگرمیاں جاری رہیں۔

17 فروری 2025ء بروز سوموار ممبر مجلسِ خلفا سلطان محمد احسن علی، انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور محمد رمضان باھو نے 561 گ ب مرضی پورہ،چک نمبر 656/7 گ ب اور 591 گ ب گنگا پور، تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کا دورہ کیااور تمام ساتھیوں کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا خصوصی سلام پہنچایا۔ 

21 فروری 2025ء بروز جمعہ خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری، انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر محمد فیضان یاسین سروری قادری نے تحصیل و ضلع پاکپتن اور مپالکہ و گبہ فاضل تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیااورپاکپتن میں نجی کالج کے طلباء اور مقامی ڈاک خانہ میں اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات اور محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ 

گبہ فاضل تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں تحریک دعوتِ فقر گبہ فاضل و مپالکہ کے سرپرست آصف محمود سروری قادری کی رہائش گاہ پر دعوتی ٹیم نے پیر بھائیوں سے ملاقات کی۔

22 فروری 2025 ء بروز ہفتہ، تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد کی جانب سے صادق آباد بازار میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ صدر تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد محمد لطیف سروری قادری، جنرل سیکرٹری معین افضل سروری قادری اور مشیر احمد سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

25 فروری 2025ء بروز منگل، شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام لاہور کے معروف نجی کالج میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا جس میں خلفا سلطان العاشقین، سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری، جنرل سیکرٹری محمد فیضان یاسین سروری قادری اور سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن غلام حیدر سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ شعبہ دعوت کی ٹیم نے ’’فقر اور اقبالؒ‘‘ اور ’’فقر اسلام کی حقیقی روح‘‘ کے موضوع پر نوجوان طلبا سے گفتگو کی۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے اساتذہ کرام اور طلبا میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصانیفِ مبارکہ ’’مرشد کامل اکمل‘‘ اور ’’فقرِاقبالؒ‘‘ اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ ادارہ کی جانب سے فقرِمحمدیؐ کی ترویج و اشاعت کے لئے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی کاوشوں کو خوب سراہا گیا۔ 

26 فروری 2025 ء بروز بدھ، شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام جنرل پوسٹ آفس لاہور کینٹ میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا جس میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے خلفا سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری، جنرل سیکرٹری محمد فیضان یاسین سروری قادری اور سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن غلام حیدر سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

26 فروری 2025 ء بروز بدھ، تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد کی جانب سے صادق آباد بازار میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ و صادق آباد ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری، صدر محمد لطیف سروری قادری اور جنرل سیکرٹری معین افضل سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

یکم مارچ 2025ء بروز ہفتہ، شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِاہتمام وفد نے جنرل پوسٹ آفس ساہیوال میں عملہ اور عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت دی۔ اس وفد میں سلطان العاشقین کے خلفا سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری اور سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے علاوہ صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری، نائب صدر علی رضا سروری قادری، جنرل سیکرٹری محمد فیضان یاسین سروری قادری، ممبر مجلسِ شوریٰ محمد سعید جعفر سروری قادری، ممبر جنرل کونسل محمد نعمان ثاقب سروری قادری اور سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن غلام حیدر سروری قادری شامل تھے۔ 

یکم مارچ کو سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کی قیادت میں وفد نے تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں کے دفتر کا دورہ کیا اور گرد و نواح میں بار ایسوسی ایشن میاں چنوں، نجی اکیڈمی، ایک نجی انشورنس کمپنی، نجی ٹریول اینڈ ٹورز کمپنی میں اسمِ اللہ ذات کی دعوت دی۔

بعد ازاں چک نمبر 115/15L تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں محمد زاہد سروری قادری کی رہائش گاہ پر مریدین و عقیدتمندوں سے مقصدِحیات اور عشق ِمرشد کے موضوع پر گفتگو ہوئی۔

یکم مارچ کو سلطان محمد احسن علی سروری قادری کی قیادت میں جنرل پوسٹ آفس عارف والا، جنرل پوسٹ آفس بہاولنگر میں مقصد ِحیات کی تکمیل اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اسمِ اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ بعد ازاں ہارون آباد میں مظہر حسین سروری قادری کے گھر میں مریدین و عقیدتمندوں سے ملاقات ہوئی۔

یکم مارچ 2025ء بروز ہفتہ، شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیر ِاہتمام سلطان محمد عبداللہ اقبال اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید کی قیادت میں وفد نے کھوڑ اور احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک میں مریدین اور عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دی۔ ممبران نے ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے۔ 

یکم مارچ سلطان محمد عبداللہ اقبال اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید کی قیادت میں وفد نے تلہ گنگ میں محمد عدنان سروری قادری کی رہائش گاہ پر تبلیغی سرگرمیوں کے دوران ممبران اور عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی گئی۔

2 مارچ کو ہارون آباد اور اس کے گرد و نواح میں نبی احمد سروری قادری کے ڈیرے پر اور ارسلان نذیر کی دکان پر سلطان محمد احسن علی سروری قادری اور ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری کی قیادت میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔

13 مارچ 2025ء بروز جمعرات سلطان محمد احسن علی سروری قادری کی قیادت میں ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری، فیضان یٰسین سروری قادری، غلام حیدر بھٹی سروری قادری نے اقبال ٹاؤن لاہور میں PNY Tranining Institute میں نوجوان طالب علموں کو راہِ فقر اختیار کرنے اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اسمِ اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دی۔

 19 اگست کا مبارک دن طالبانِ مولیٰ کے لیے روحانی عید کا دن ہے، کیونکہ یہ وہ لمحہ ہے جب اُن کے قلوب میں ذکر ِالٰہی کی شمع روشن کرنے والا وجود عالمِ ناسوت میںجلوہ افروزہوا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عشقِ الٰہی، اتباعِ مصطفیؐ، اور فقرِمحمدی ؐکی حقیقی دولت مرشدکامل کی سنگت میں ہی نصیب ہوتی ہے۔

اِس محفل کے کامیاب انعقاد کی تیاری اور طالبانِ مولیٰ کو محفل میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیر اہتمام درج ذیل تبلیغی دورہ جات کا اہتمام کیا گیا:
ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب اور سلطان احسن علی کی سربراہی میں 2 اگست 2025 بروز ہفتہ الٰہ آباد تحصیل چونیاں ضلع قصور اور7,8,9 اگست 2025 بروز جمعرات تا ہفتہ بچیانہ منڈی، تحصیل جڑانوالہ، ضلع فیصل آبادکا دورہ کیا گیا۔

 سلطان محمد عبد اللہ اقبال اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب کی سرپرستی میں 7 اگست 2025 بروز جمعرات بھروٹ، جہلم، 8 اور 9 اگست 2025 بروز جمعہ اور ہفتہ پنڈی گھیب جبکہ 9 تا 10 اگست بروز ہفتہ و اتوار تلہ گنگ کا دورہ کیا گیا اور عوام الناس کو یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین کی تقریبِ سعید میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی۔

محفل میلادِ مصطفی ؐبسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کی دعوت دینے کے لیے ملک بھر میں تبلیغی دورہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔ 1500 سالہ جشن ولادت سرکارِؐ دو عالم بھرپور انداز میں منانے کے لئے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام مختلف دورہ جات کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے’’ تحریک دعوت فقر۔۔۔گلی گلی شہر شہر‘‘ کے نعرے کو مدِنظر رکھتے ہوئے گھر گھر جا کر لوگوں کو عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی ؐ بسلسلہ عید میلادِ النبیؐ میں شرکت اور مرشد کامل اکمل سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صحبت سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ 

سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری کی قیادت میں سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، سلطان محمد احسن علی سروری قادری، سلطان محمد عبدالرحمن سروری قادری اور انتظامیہ و مجلسِ شوریٰ کے ممبران پر مشتمل تبلیغی قافلہ 23 اگست 2025ء بروز ہفتہ چک 44کوٹ مومن ضلع سرگودھا میں محمد طلحہ ڈب سروری قادری کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں کثیر افراد کو دعوتِ فقر دی گئی۔

بعد ازاں یہ قافلہ تحصیل جوہر آباد ضلع خوشاب ڈاکٹر محمد ممتاز سروری قادری کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں ایک محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تمام حاضرین کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ مبارک پر بیعت ہوکر اسمِ اللہ ذات کے ذکر و تصور کے حصول کی دعوت دی گئی۔ 

18 اکتوبر 2025ء بروز ہفتہ خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری کی قیادت میں نتو کوٹ ڈاکخانہ محمدی پور تحصیل چونیاں ضلع قصور میں بھرپور تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں سلطان محمد عبدالرحمن سروری قادری، سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، ملک سجاول سروری قادری، مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور ممبران مجلس ِشوریٰ بھی شامل تھے۔

اسی روز محمد عارف سروری قادری کی رہائش گاہ پر اہلِ علاقہ کو سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیماتِ فقر سے روشناس کروایا گیا اور آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے ذکر و تصور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ اہلِ علاقہ میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ ساتھ ہی ساتھ کوٹ ماتھا سر ڈاک خانہ محمدی پور تحصیل چونیاں ضلع قصور میں بھی تبلیغی سرگرمیاں جاری رہیں۔

25 اکتوبر 2025 ء بروز ہفتہ خلیفہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں الٰہ آباد تحصیل چونیاں ضلع قصور میں زور و شور سے تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول سروری قادری، انچارج شعبہ دعوت و تبلیغ مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور ممبران مجلسِ شوریٰ بھی شامل تھے۔ قدیر اقبال سروری قادری اور ظہیر احمد سروری قادری بغرض تبلیغی سرگرمیاں پہلے سے ہی علاقہ میں موجود تھے۔ 

محمد حیدر اقبال سروری قادری کی رہائش گاہ پر اہلِ علاقہ کو سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیماتِ فقر سے روشناس کروایا گیا اور آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے ذکر و تصور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔

یکم نومبر 2025ء بروز ہفتہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں کندل عیسیٰ خیل ضلع میانوالی میں بھرپور تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول سروری قادری کے ساتھ ملک عبدالرافع سروری قادری اور رانا محمد ذیشان سروری قادری بھی شامل تھے۔ ذوالفقار سروری قادری تبلیغی سرگرمیوں کے لیے پہلے ہی وہاں موجود تھے۔ اس حوالے سے محمد اسلم خان سروری قادری کی رہائش گاہ پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔ جبکہ جوہرآباد ضلع سرگودھا میں ڈاکٹر ممتاز وڑائچ سروری قادری کی رہائش گاہ پر تبلیغی فرائض نبھائے گئے۔ آیت اللہ سروری قادری نے بھی تعاون کیا۔ 

 4 نومبر 2025ء بروز منگل تحریک دعوتِ فقر شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِاہتمام شعبہ کے خلیفہ نگران ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب صاحب کی قیادت میں پاکپتن کا کامیاب تبلیغی دورہ منعقد کیا گیا۔ وفد میں امین مجلسِ خلفا سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب اور صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز بھی شامل تھے۔

سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن، غلام حیدر بھٹی کے تعاون سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ملکہ ہانس ضلع پاکپتن میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا۔ سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب نے نوجوان طلبا کو ’’طائرِلاھوتی‘‘ کے موضوع پر مفصل اور جامع بیان دیا اور فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہوکر تصور اسمِ اللہ ذات اور سلطان الاذکار ’’ھو‘‘ حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ طلبا اور سٹاف میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ 

8 نومبر 2025ء بروز ہفتہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں بھرپور تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول سروری قادری کے ساتھ رانا محمد ذیشان سروری قادری اور ملک بشارت سروری قادری بھی شامل تھے۔ 

چک نمبر 115/15Lضلع خانیوال تحصیل میاں چنوں میں واقع دفتر تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں، رہائش گاہ محمد زاہد سلیم سروری قادری اور کوٹ تحصیل میاں چنوں میں اہلِ علاقہ کو دعوت دی گئی۔ بحکم سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، اسمِ اللہ ذات کے خواہشمندوں کو سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے بغیر بیعت کے اسمِ اعظم کے پہلے ذکر کی اجازت بھی عطا فرمائی۔ 

سوشل میڈیا

تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ سوشل میڈیا دنیا بھر میںفقرِمحمدیؐ کے پیغام کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے دورِ حاضر کے جدید تقاضوں کے عین مطابق تمام ذرائع کا بھرپور استعمال کررہا ہے۔ ٹیکنالوجی کے اس دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا لہٰذا تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ سوشل میڈیا دینِ اسلام کی حقیقی روح یعنی ’’فقرِمحمدیؐ‘‘ کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے فیس بک، انسٹاگرام، ایکس، لنکڈاِن ، پن ٹرسٹ، ریڈاِیٹ اور بلیو سکائے جیسے مشہور و معروف سوشل فورمز کو بہترین انداز میں بروئے کارلا رہا ہے۔ سال 2025ء میں بھی شعبہ سوشل میڈیا کے زیرِتحت ان تمام سوشل فورمز پر اردو اور انگلش میںدیدہ زیب پوسٹس بنا کر اپلوڈ کی گئیں۔

’’سلطان الفقر ہفتم ‘‘ کے نا م سے فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز ایپ پر نئے پیجز بنائے گئے ۔ان کے علاوہ واٹس ایپ پر ’’سلطان الفقر ہفتم ‘‘ کے نام سے ایک چینل بھی تخلیق کیا گیا۔نئے پیجز کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مرتبہ ٔ سلطان الفقر کو عام کرنا ہے۔

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام اور روحانی محافل کا انعقاد

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس عوام الناس کو اپنی پاکیزہ و نورانی صحبت سے مستفید فرمانے کے لیے خانقاہ سلطان العاشقین میں مستقل طور پر قیام پذیر ہیں جس کی بدولت زیادہ سے زیادہ طالبانِ مولیٰ اور عقیدتمند سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے مستفیض ہو رہے ہیں۔ سال 2025ء میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے جن ایام میں محافل اور تقاریب کی صدارت فرمائی ان کی تفصیل درج ذیل ہے:

جنوری 2025ء

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 19 اور 26 جنوری بروز اتوار انعقاد پذیر ہونے والی ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت فرمائی۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیادوں پر بھی طالبانِ حق آپ مدظلہ الاقدس کی صحبت اور دیدار سے فیضیاب ہونے کے لئے پروانہ وار آتے رہے اور شرفِ باریابی پاتے رہے۔ اس دوران سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس 22 جنوری کو اپنی رہائشگاہ ’’سلطان العاشقین ہائوس‘ تشریف لے گئے اور25 جنوری کو واپس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔

فروری 2025ء

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ماہ فروری 2025 ء میں خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں  2 ،9 ، 16 اور 23 فروری 2025 ء بروز اتوار انعقاد پذیر ہونے والی ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ میں قیام کے دوران مسجد ِزہراؓ اور اصطبل کے تعمیراتی امور کا از خود جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی جاری فرمائیں۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے راہِ حق کے متلاشیوں کو بیعت اور بغیر بیعت اسمِ اللہ ذات کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا۔اپنے اس قیام کے بعد 27 فروری 2025ء بروز جمعرات آپ مد ظلہ الاقدس بخیر و عافیت سلطان العاشقین ہاؤس لاہور واپس تشریف لے آئے۔ 

مارچ 2025ء

 سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے 19 مارچ 2025ء بروز بدھ تا 3 اپریل 2025 ء بروز بدھ خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں خصوصی قیام فرمایا۔
5 مارچ 2025ء بروز بدھ خانقاہ سلطان العاشقین میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنے دیرینہ ساتھی ارشاد احمد سروری قادری مرحوم کی برسی کے موقع پر ان کے لیے خصوصی دعائے خیرفرمائی۔
21 مارچ 2025ء بروز جمعتہ المبارک محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کی صدارت فرمائی۔
یکم شوال المکرم 1446ھ بمطابق 31 مارچ 2025ء بروز سوموار خانقاہ سلطان العاشقین میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و محبت سے منائی گئی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مجلس ِخلفا اور دیگر مریدین و عقیدتمندوں کے ہمراہ مسجد ِزہرا میں نمازِ عید الفطر ادا فرمائی۔

اپریل2025ء

یکم اپریل 2025ء سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی صدارت میں خانقاہ سلطان العاشقین میں عید الفطر کے دوسرے روز عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
3 اپریل بروز جمعرات سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس ’’سلطان العاشقین ہاؤس لاہور‘‘ تشریف لے گئے اور 11 اپریل کو واپس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔
20اپریل 2025ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں محمد راشد گلزار کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے رونق افروز ہو کر چار چاند لگا دئیے۔
11 اپریل اور 25 اپریل 2025 ء آپ مد ظلہ الاقدس نے مریدین اور اہلِ علاقہ سمیت مسجد زہراؓ میں نماز ِجمعہ ادا فرمائی جبکہ 13 اپریل اور 27 اپریل 2025 بروز اتوار بزم سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ جہاں آپ مد ظلہ الاقدس نے راہِ حق کے متلاشی مرد و خواتین کو بیعت اور بغیر بیعت اسمِ اللہ ذات کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا۔

مئی 2025ء

2 مئی 2025ء کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مریدین اور اہل ِعلاقہ سمیت مسجد زہراؓ میں نماز ِجمعہ ادا فرمائی۔
5 مئی بروز سوموار سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اپنی رہائشگاہ ’’سلطان العاشقین ہائوس‘‘ تشریف لے گئے اور9مئی بروز جمعہ واپس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔
مئی کے مہینے میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے 4، 11 اور 18مئی 2025 بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔
19 مئی بروز سوموار سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اپنی رہائشگاہ ’’سلطان العاشقین ہائوس‘‘ تشریف لے گئے اور30 مئی بروز جمعہ واپس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔

جون2025ء

7 جون 2025 بروز ہفتہ عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے نمازِ عید مسجد ِزہراؓ میں ادا فرمائی۔
8 جون 2025ء کو خانقاہ سلطان العاشقین میں عید ملن تقریب (عید الاضحی) منعقد کی گئی جس کی صدارت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔

جولائی 2025ء

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے 6 جولائی بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل ذکر ِحسینؓ کی صدارت فرمائی۔
 ماہ ِجولائی میں 13،27جولائی کو بزمِ سلطان العاشقین بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی صدارت میں منعقد کی گئی۔

اگست 2025ء

فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں خصوصی قیام فرمایا۔ روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مدظلہ الاقدس نے 3 اگست اور 10 اگست 2025 ء بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔
5 اگست کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے اور8 اگست کو دوبارہ خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔
12 اگست بروز منگل شام کے وقت طالبانِ مولیٰ سے خصوصی ملاقات فرمائی۔
اگست 2025ء طالبانِ مولیٰ کے لیے خوشبوؤں بھرا مہینہ ہے۔ اس مہینہ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اس جہانِ رنگ و بو میں جلوہ افروز ہوئے۔ 18 اگست بروز سوموار خانقاہ سلطان العاشقین میں آپ مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت کی تقریبات کے سلسلہ میں گھوڑا ڈانس کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
19 اگست بروز منگل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا یومِ ولادت باسعادت بھی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔
29 اگست 2025 بروز جمعہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس ’سلطان العاشقین ہائوس لاہور ‘تشریف لے گئے۔

ستمبر 2025ء

ماہِ ستمبر میںروزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مد ظلہ الاقدس نے 9 ستمبر بروز منگل محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی کی عالیشان محفل کو رونق بخشی۔
16 ستمبر بروز منگل آپ نے اصطبل اور ڈیری فارم کا خصوصی دورہ فرمایا اور تمام جانوروں کی صحت اور دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
21,14 اور 28 ستمبر بروز اتوار منعقد ہونے والی بزم ِسلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی جہاں ہمیشہ کی طرح مرد و خواتین کے لئے الگ الگ انتظامات کئے گئے۔

اکتوبر2025ء

ماہ ِاکتوبر 2025ء کے دوران مرشد کامل اکمل فقیر مالک الملکی سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کے خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام کے دوران کثیر تعداد میں مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ خانقاہ شریف حاضر ہو کر شرف باریابی پاتے رہے۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے اپنے بے مثال انداز اور بابرکت صحبت سے ان کی رہنمائی فرمائی اور ان کے دلوں سے دنیا کی محبت کا زنگ اتار کر انہیں ذکر اِسمِ اللہ ذات کی حلاوت عطا فرمائی۔
اس دوران آپ مدظلہ الاقدس نے 5 اکتوبر 2025ء بروز اتوار عرس سیدنا غوث الاعظمؓ کی صدارت فرمائی۔
روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مد ظلہ الاقدس نے 12 اکتوبر اور 19 اکتوبر 2025 ء بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ دورانِ قیام مسجدِ زہراؓ میں نماز جمعہ بھی ادا فرمائی جہاں مریدین کے ساتھ ساتھ اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آپ کی رفاقت کا شرف پایا۔

نومبر 2025ء

ماہِ نومبر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے 2 اور 9 نومبر کو مسجدِ زہراؓ میں منعقد ہونے والی بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت فرمائی۔
16 نومبر کو عطا الوھاب سروری قادری کی شادی میں شرکت فرما کر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے رونق کو دوبالا کر دیا۔
24 نومبر کو ملک محمد ارشاد سروری قادری کے صاحبزادے کی شادی میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ان کی پرزور فرمائش پر خلفا اور انتظامیہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔
30 نومبر کو خانقاہ سلطان العاشقین میں عرس سلطان باھوؒ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے محفل کی صدارت فرمائی۔

دسمبر 2025ء

5 دسمبر 2025ء سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے محمد زکریا سروری قادری کی شادی میں شرکت فرما کر تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ماہِ دسمبر میں 14، 21 اور 28 دسمبر کو منعقد ہونے والی بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔

ویب ڈویلپمنٹ

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ ویب ڈویلپمنٹ نے سال 2025ء میں تحریک دعوتِ فقر کی تمام ویب سائٹس کو کامیابی سے چلایا اور باقاعدگی سے اس میں اَپ ڈیٹس بھی کیں۔اس کے علاوہ اس شعبہ کے تحت موبائل اپلیکیشنز بھی بنائی گئیں جن میں سرِفہرست Sultan-ul-Faqr Publications Android App اور Sultan Bahoo Appہیں۔ علاوہ ازیں سلطان الفقر ہفتم پر ایک نئی ویب سائٹ بھی بنائی گئی۔ 

تحریک دعوتِ فقر کے سالانہ انتخابات

تحریک دعوتِ فقر کے مرکزی عہدیداران اور ممبران مجلسِ شوریٰ برائے سال 2026ء کے چنائو کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے سالانہ انتخابات یکم دسمبر تا 15 دسمبر جاری رہے۔
28 دسمبر بروزاتوار انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور 31 دسمبر بروزبدھ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا جس کے بعد نو منتخب منتظمِ اعلیٰ نے نو منتخب ممبران مجلس شوریٰ سے حلف لیا۔  

مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کے اجلاس

تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کے انتظامات، خانقاہی امور و معاملات اور تمام تر روحانی محافل کے باضابطہ اور منظم انعقاد کے سلسلہ میں تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کمیٹی، مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل نے سال بھر مختلف اجلاس منعقد کیے ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔
11 جنوری 2025ء بروز ہفتہ مجلسِ شوریٰ کا اجلاس سلطان محمد نعیم عباس صاحب کی صدارت میں منعقدہوا تاکہ جنرل کونسل کے ممبران کا انتخاب کیا جا سکے۔
15 فروری 2025ء بروز ہفتہ مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس سلطان محمد نعیم عباس صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جس کا ایجنڈا 21 مارچ کی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے انتظامات کا لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔
12 اپریل 2025ء بروز ہفتہ سلطان محمد نعیم عباس صاحب کی صدارت میں مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا۔
21 ستمبر بروز اتوار مجلسِ شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے انعقاد کا مقصد عرس سیدنا غوث الاعظم کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ علاوہ ازیں دیگر متفرق امور بھی زیر ِغور آئے۔
29 نومبر بروز ہفتہ مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا جس کا مقصد سالانہ انتخابات برائے سال 2026ء کے اعلان کرنا تھا۔ اس موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا خصوصی حکمنامہ بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

آن لائن سیشنز

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مریدین دنیا بھر میں موجود ہیں۔ طالبوں کی اکثریت دوری کی وجہ سے مرشد کامل اکمل کی صحبت میں حاضر ہونے سے قاصر رہتی ہے۔ ان طالبوں کا اپنے مرشد سے تعلق استوار کرنے کے لیے مجلسِ خلفا کی جانب سے آن لائن سیشنز کا اہم قدم اٹھایا گیا۔ یہ سیشن ایکس (X)، واٹس ایپ (Whatsapp) اور گوگل میٹ پر منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان سیشنز میں مریدین کے سوالوں کے تشفی بخش جوابات بھی دئیے جاتے ہیں اور ان تک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیمات و پیغامات بھی پہنچائے جاتے ہیں۔ سال 2025ء میں جو سیشن کیے گئے ان کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
یکم اور 8 مئی بروز جمعرات بین الاقوامی مریدین سے رابطے کو برقرار رکھنے کی غرض سے ایک آن لائن سیشن منعقد کیا گیا جس میں تمام مریدین کے سوالوں کے تسلی بخش جواب دئیے گئے اور انہیں راہِ فقر پر استقامت اختیار کرنے اور دل و جان سے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کوششیں کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔ 

24 اکتوبرکو شعبہ بین الاقوامی امور کی جانب سے سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی سربراہی میں ایک آن لائن سیشن کیا گیا جس میں دنیا بھر سے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مریدین نے شرکت کی۔ اس سیشن میں فقر کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ تمام مریدین کو اسمِ اللہ ذات کا ذکر و تصور باقاعدگی سے کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔

28 اکتوبر کو مجلسِ خلفا کی جانب سے ایک آن لائن سیشن منعقد کیا گیا جس میں فقر اور وفا و قربانی کے موضوع پر بیان کیا گیا۔ تحریک دعوتِ فقر کے کثیر ممبران نے واٹس ایپ پر اس سیشن کو جوائن کیا اور تعلیماتِ فقر سے اپنے قلب و روح کو سرشار کیا۔

31 اکتوبر کو مجلس ِخلفا کی جانب سے تحریک دعوتِ فقر کے تمام علاقائی عہدیدارن کے ساتھ آن لائن سیشن منعقد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد تمام علاقائی عہدیداران کو ترغیب دلانا تھا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فقرِمحمدیؐ کی ترویج کے لیے اپنی سرگرمیوں کو مؤثر بنائیں۔

6 نومبر کو سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی جانب سے واٹس ایپ پر ایک آن لائن سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں دیگر ممبران مجلس ِخلفا بھی شامل تھے۔ اس سیشن میں فقرِمحمدیؐ کے موضوع پر جامع بیان کیا گیا اور مریدین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے۔

11 نومبر کو ایکس (X) پر آن لائن سیشن کیا گیا جس میں تحریک دعوتِ فقر کے کثیر مرد و خواتین نے شرکت کی۔ اس سیشن کا مقصد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے پیغامات اور تعلیمات کو تمام ممبران تک پہنچانا تھا۔

15 نومبر کو سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی سربراہی میں آن لائن سیشن کیا گیا جس میں سلطان محمد احسن علی سروری قادری اور سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری بھی شامل تھے۔ حسبِ سابق تین معزز خلفا نے مختلف موضوعات پر صوفیا کرام خاص طور پر مرشد کامل اکمل سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تعلیمات کو بیان کیا۔ آخر میں مختلف مریدین کی جانب سے کیے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے۔

اس کے علاوہ تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات نے خانقاہ سلطان العاشقین میں بھی اور مختلف اوقات میں آن لائن سیشنز بھی منعقد کیے تاکہ شعبہ کے ممبران کے درمیان رابطہ برقرار رکھا جا سکے اور کارکردگی کو مزید سے مزید بہتر بنایا جائے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں